یہ سوال مجھ سے بہت بار پوچھا گیا ہے، اور کبھی کبھی شک کے ساتھ پوچھا جاتا ہے۔ "کورس مفت ہے؟ اس میں کیا چکر ہے؟"
کوئی چکر نہیں ہے۔ وجہ سیدھی سی ہے۔
میں نے خود کبھی کوئی کورس نہیں کیا
میں نے کمپیوٹر کا کوئی باقاعدہ کورس نہیں کیا۔ کسی نے مجھے بٹھا کر نہیں سکھایا۔ جو آتا ہے، سب شوق سے سیکھا ہے۔ یوٹیوب سے، انٹرنیٹ سے، غلطیاں کر کے۔
اور وہ سب مجھے مفت ملا۔ کسی نے وہ ویڈیو بنائی، کسی نے وہ بلاگ لکھا، کسی نے فورم پر جواب دیا۔ ان میں سے کسی نے مجھ سے پیسے نہیں مانگے۔
اب اگر میں وہی چیز آگے بیچنے بیٹھ جاؤں تو بات بنتی نہیں۔
پیسے کہاں سے آتے ہیں
یہ سوال جائز ہے، اس لیے سیدھا جواب دے دیتا ہوں۔
ہم کاروباروں کا کام کرتے ہیں۔ ویب سائٹس، آن لائن اسٹور، واٹس ایپ آٹومیشن، آٹوکیڈ کے نقشے۔ اس سے کمائی ہوتی ہے۔
اس کمائی سے پڑھانا ممکن ہوتا ہے۔ اگر کلائنٹ نہ ہوں تو مفت پڑھانے کی گنجائش بھی نہ ہو۔ اس لیے جب کوئی ہمیں کام دیتا ہے، وہ صرف اپنا کام نہیں کروا رہا ہوتا۔
میں کچھ چھپاتا نہیں
پڑھاتے وقت ایک بات کا خیال رکھتا ہوں۔ جو مجھے آتا ہے، پورا بتاتا ہوں۔ کچھ بچا کر نہیں رکھتا۔
کچھ لوگ ڈرتے ہیں کہ سب سکھا دیا تو یہ آگے نکل جائے گا۔ میری کوشش الٹی ہوتی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ مجھ سے آگے نکلے۔
وجہ سادہ ہے۔ وہ میرا سٹوڈنٹ ہے۔ اس کا اچھا نام ہوگا تو میرا بھی ہوگا۔
جو چیز مفت ملی ہو، اسے آگے بیچنا مجھے ٹھیک نہیں لگتا۔
اصل مسئلہ فیس نہیں ہے
مجھے افسوس ہوتا ہے جب دیکھتا ہوں کہ دنیا کہاں پہنچ گئی ہے اور میرے ساتھ والے لوگوں کو بنیادی کمپیوٹر بھی نہیں چلانا آتا۔
ایسے بندے کے لیے فیس اصل رکاوٹ نہیں ہوتی۔ اصل رکاوٹ یہ ہوتی ہے کہ اسے سمجھ نہیں آتی کہ شروع کہاں سے کرے۔ اور جب سامنے فیس بھی لکھی ہو، تو وہ پوچھتا ہی نہیں۔
فیس ہٹا دیں تو کم از کم وہ اندر آ کر دیکھ تو لیتا ہے۔
مفت کا مطلب یہ نہیں کہ آسان ہے
ایک بات صاف کر دوں۔ کورس مفت ہے، محنت مفت نہیں۔
ویڈیو دیکھ لینا سیکھنا نہیں ہوتا۔ سیکھنا تب ہوتا ہے جب آپ خود بیٹھ کر بناتے ہیں، اٹکتے ہیں، اور پھر ٹھیک کرتے ہیں۔ وہ حصہ کوئی آپ کے لیے نہیں کر سکتا۔
اگر آپ صرف سرٹیفکیٹ کے لیے آ رہے ہیں تو نہ آئیں۔ سرٹیفکیٹ سے کچھ نہیں ہوتا۔ کام آنے سے ہوتا ہے۔
دو سوال جو اکثر آتے ہیں
کیا آپ ہمارا ڈیٹا بیچتے ہیں؟
نہیں۔ اکاؤنٹ بنانے کے لیے نام، ای میل اور واٹس ایپ نمبر لیتے ہیں، تاکہ آپ سے رابطہ ہو سکے اور پاس ورڈ بھول جائیں تو واپس مل جائے۔ بس اتنا ہی۔ ہماری پرائیویسی پالیسی میں سب لکھا ہے۔
پھر بعد میں کوئی پیڈ ورژن نکالیں گے؟
جو کورس مفت ہے وہ مفت رہے گا۔ پیسے ہم اپنے سروس والے کام سے کماتے ہیں، پڑھانے سے نہیں۔
آخری بات
میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں کوئی بڑا کام کر رہا ہوں۔ ابھی تو شروعات ہے۔
بس جو مجھے مفت ملا، وہ آگے دے رہا ہوں۔ یہ ہے۔
اکاؤنٹ بنائیں اور جو کورس چاہیں کھول لیں۔ کوئی فیس نہیں۔
کورسز دیکھیں