DogarZada
Courses Services Blog Contact Login Join free
DogarZada Blog

چار باتیں جو میں نے سیکھی ہیں

۱۰ منٹ کا مطالعہ · اصول اور وراثت

کامیابی پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے۔ سات عادتیں، بارہ اصول، اڑتالیس قانون۔

میں اتنا نہیں جانتا۔ چار باتیں ہیں جو مجھے سمجھ آئی ہیں۔ ان میں سے ایک مجھے غلطی کر کے سمجھ آئی، اور وہی سب سے بھاری ہے۔

ایک: کسی کا دل نہ دکھائیں

اگر مجھے کسی نئے بندے کو صرف ایک بات کہنی ہو تو یہ کہوں گا۔

کوشش کریں کہ آپ سے کوئی ناراض نہ رہے۔ کلائنٹ ہو، سٹوڈنٹ ہو، یا کوئی بھی ہو۔ حقوق العباد کے معاملے میں دھیان رکھیں۔

یہ کوئی نصیحت والی بات نہیں، یہ عملی بات ہے۔ اس فیلڈ میں کام حوالے سے آتا ہے۔ ایک ناراض بندہ دس لوگوں کو بتاتا ہے۔ لیکن اصل وجہ یہ نہیں ہے۔ اصل وجہ یہ ہے کہ رات کو سکون سے سونا آتا ہے۔

ہاں، ایک بات الگ ہے۔ اگر کوئی اللہ کے معاملے میں ناراض ہوتا ہے تو ہو جائے۔ کوئی نماز پڑھنے پر ناراض ہو تو ہم نماز نہیں چھوڑیں گے۔ یہ چیز الگ ہے۔

دو: ماں باپ کی نافرمانی

یہ وہ غلطی ہے جو میں نے خود کی، اور اب دوسروں کو اس سے روکتا ہوں۔

اٹھارہ سے بائیس سال کی عمر میں بچے اپنے والدین کے بہت خلاف ہو جاتے ہیں۔ لگتا ہے کہ ان کو کچھ سمجھ نہیں آتا، ان کی باتیں پرانی ہیں۔ غصہ آتا ہے۔

میں بھی یہی کرتا رہا۔ اب سمجھ آئی ہے کہ میرے والد میرے لیے اصل ہیرو ہیں۔

اگر آپ اسی عمر میں ہیں تو میں آپ کو یہ کہہ کر روک نہیں سکتا۔ مجھے پتا ہے، اس عمر میں کوئی نہیں سنتا۔ بس اتنا کہہ دیتا ہوں کہ بعد میں یاد آئے گا، اور تب افسوس ہوگا۔

باقی سب چیزیں دوبارہ کمائی جا سکتی ہیں۔ یہ وقت واپس نہیں آتا۔

تین: لگے رہنا

میرے ساتھ ایسا وقت آیا کہ کوئی کمائی نہیں ہو رہی تھی۔ حالات تنگ تھے۔

لیکن کام نہیں چھوڑا۔ کرتا رہا، بناتا رہا، سرچ کرتا رہا، سیکھتا رہا۔

میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں کوئی بہت مضبوط بندہ ہوں۔ بات یہ ہے کہ مجھے یہ کام پسند ہے۔ مجھے کچھ نہ بھی ملے، میں پھر بھی یہی کرتا رہوں گا۔

اگر آپ کو اپنے کام سے یہ لگاؤ نہیں ہے، تو مشکل وقت میں آپ رک جائیں گے۔ اور مشکل وقت آتا ضرور ہے۔

چار: نام ادھار نہیں ملتا

ڈوگر میری ذات ہے۔ میرے خاندان میں یہ نام اکثر بدمعاشی کے حوالے سے لیا جاتا رہا ہے۔

میں شاید پہلا بندہ ہوں جس نے یہ نام اپنی پہچان بنایا اور اسے ڈیجیٹل کام کے ساتھ جوڑا۔ ہر سوشل میڈیا پر یہی نام ہے، ہر جگہ یہی ہے۔

اس کا ایک نتیجہ ہے جو مجھے پسند ہے۔ اگر میں کوئی کام برا کروں گا تو وہ میرے خاندان کے نام کے ساتھ جڑے گا۔ اس لیے برا کام کرنے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔

آپ کے پاس بھی کوئی نہ کوئی ایسا نام ہے۔ اسے سامنے رکھ کر کام کریں۔ پھر شارٹ کٹ خود بخود بند ہو جاتے ہیں۔

آخری بات

یہ چاروں باتیں مجھے کسی کتاب سے نہیں ملیں۔ تین وقت کے ساتھ سمجھ آئیں اور ایک ٹھوکر کھا کر۔

یہ ہے۔

کام سیکھنا ہے؟

ڈوگرزادہ پر کورسز مفت ہیں۔ ایک ہنر لیں اور اس پر لگ جائیں۔

کورسز دیکھیں