DogarZada
Courses Services Blog Contact Login Join free
DogarZada Blog

وہ چیزیں جو ہر دور میں کام آتی ہیں

۹ منٹ کا مطالعہ · مستقبل کی مہارتیں

سو لوگوں سے پوچھیں کہ آگے کون سی مہارت کام آئے گی، تو سو جواب ملیں گے۔ اور اکثر جواب کسی سافٹ ویئر کا نام ہوگا۔

مسئلہ یہ ہے کہ سافٹ ویئر بدلتے رہتے ہیں۔ جو آج ضروری ہے، تین سال بعد کوئی پوچھتا بھی نہیں۔

اس لیے میں ٹول کا نام نہیں بتاؤں گا۔ چار چیزیں بتاتا ہوں جو ٹول بدلنے سے نہیں بدلتیں۔

ایک: ایک کام پر ٹک جانا

یہ آج کے دور میں سب سے کم ملنے والی چیز ہے۔

زیادہ تر لوگ ایک گھنٹے میں بیس بار موبائل دیکھتے ہیں۔ جو بندہ دو گھنٹے بغیر رکے ایک کام کر لے، وہ اسی وقت میں دوسروں سے کہیں زیادہ کر جاتا ہے۔

یہ کوئی خداداد صلاحیت نہیں۔ یہ عادت ہے۔ موبائل دوسرے کمرے میں رکھ دیں، بس۔

دو: فیصلہ کرنا

معلومات اب مفت ہیں۔ جو چاہے، سرچ کر کے پتا چل جاتا ہے۔

لیکن دس آپشن میں سے ایک چننا، اور یہ جاننا کہ کون سی معلومات قابلِ بھروسہ ہے، یہ اب بھی مشکل ہے۔ اور یہی چیز کلائنٹ آپ سے خرید رہا ہوتا ہے۔

کلائنٹ آپ سے یہ نہیں پوچھتا کہ کتنے آپشن ہیں۔ وہ پوچھتا ہے کہ آپ کیا کہتے ہیں، کون سا ٹھیک رہے گا۔

تین: بات کرنا آنا

یہ میں نے بہت بار دیکھا ہے۔ اچھا کام کرنے والے لڑکے کو اس لیے کام نہیں ملتا کہ اسے بات کرنی نہیں آتی۔

"سر مجھے کام چاہیے" اور "سر میں نے آپ کا کام دیکھا ہے، میرے خیال سے میں یہاں مدد کر سکتا ہوں"، ان دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

پیغام کا جواب دینا، وقت پر بتا دینا، اور مسئلہ ہو تو چھپانے کے بجائے پہلے بتا دینا۔ یہ مہارت سے کم قیمتی نہیں ہے۔

کام آنا ایک چیز ہے۔ کام دلوانا الگ چیز ہے۔ دوسری کوئی نہیں سکھاتا۔

چار: خود سیکھ لینا

یہ سب سے اہم ہے، اور یہ چاروں میں سب سے کم لوگوں کے پاس ہے۔

ہر نئی چیز کے لیے کورس کا انتظار نہ کریں۔ سرچ کریں، ویڈیو دیکھیں، کھول کر دیکھیں، توڑ کر دیکھیں۔

میں نے سب کچھ اسی طرح سیکھا ہے۔ کوئی کورس نہیں کیا۔ اور آج بھی کوئی نئی چیز آتی ہے تو یہی کرتا ہوں۔

جس بندے کو خود سیکھنا آ جائے، اس کے لیے یہ سوال ہی ختم ہو جاتا ہے کہ آگے کون سی چیز آنے والی ہے۔ جو بھی آئے گی، وہ سیکھ لے گا۔

پھر ٹول سیکھیں یا نہ سیکھیں

سیکھیں۔ ایک ٹول تو چاہیے ہی چاہیے، ورنہ کام کیا کریں گے۔

بات صرف اتنی ہے کہ اسے آخری منزل نہ سمجھیں۔ آٹوکیڈ سیکھیں، لیکن یہ جانتے ہوئے کہ اصل چیز نقشہ سمجھنا ہے، بٹن یاد کرنا نہیں۔

ایک سوال

پھر میں شروع کہاں سے کروں؟
ایک ٹول چنیں جس کا آپ کے علاقے میں کام ہوتا ہو۔ اسے تین مہینے دیں۔ بیس چیزیں بنائیں۔ ساتھ ساتھ اوپر والی چار عادتیں بنتی جائیں گی، کیونکہ وہ کام کرتے ہوئے ہی بنتی ہیں، پڑھنے سے نہیں۔

آخری بات

ٹول بدلتے رہیں گے۔ یہ چار چیزیں نہیں بدلتیں۔

یہ ہے۔

ایک ٹول سے شروع کریں

آٹوکیڈ، ڈیزائن، آن لائن اسٹور، جو آپ کے علاقے میں چلتا ہو۔ کورسز مفت ہیں۔

کورسز دیکھیں