کوئی بھی موٹیویشنل پیج کھول لیں۔ وہی بات ملے گی۔ پانچ بجے اٹھو، ٹھنڈے پانی سے نہاؤ، کامیابی قدم چومے گی۔
میں پانچ بجے نہیں اٹھتا۔
اور مجھے ایسے کئی لوگ معلوم ہیں جو پانچ بجے اٹھتے ہیں، بہت نظم و ضبط والے ہیں، اور برسوں سے ایک ہی جگہ کھڑے ہیں۔
مسئلہ ڈسپلن کا نہیں ہے
ڈسپلن ایک محدود چیز ہے۔ دن بھر میں اتنی ہی ہوتی ہے۔ صبح آپ زبردستی خود کو اٹھاتے ہیں، دوپہر تک وہ ختم ہو جاتی ہے۔
جس کام کے لیے آپ کو روز خود کو گھسیٹنا پڑے، وہ کام آپ زیادہ دن نہیں کریں گے۔ چاہے آپ کتنے ہی مضبوط ارادے والے ہوں۔
میرے ساتھ کیا ہوا
ایک وقت آیا کہ کوئی کمائی نہیں ہو رہی تھی۔ حالات تنگ تھے۔
لیکن میں نے کام نہیں چھوڑا۔ کرتا رہا، بناتا رہا، سیکھتا رہا۔
یہ ڈسپلن نہیں تھا۔ مجھے یہ کام پسند ہے، بس اتنی سی بات ہے۔ مجھے کچھ نہ بھی ملے، میں پھر بھی کمپیوٹر کے سامنے بیٹھا ہوں گا۔
اگر مجھے یہ کام زبردستی کرنا پڑتا، تو میں اسی تنگی میں چھوڑ چکا ہوتا۔
جس کام کے لیے آپ کو روز خود کو زبردستی بٹھانا پڑے، وہ کام آپ زیادہ دن نہیں کریں گے۔
تو کیا شوق کا انتظار کریں
نہیں۔ یہ بھی غلط بات ہے۔
شوق پہلے نہیں آتا۔ اکثر کام کرتے کرتے آتا ہے۔ جب پہلی بار کوئی چیز آپ کے ہاتھ سے بن جاتی ہے اور چل پڑتی ہے، تب مزہ آنا شروع ہوتا ہے۔
اس لیے پہلے دو تین مہینے مشکل ہوں گے، اس کے لیے تیار رہیں۔ لیکن اگر چھ مہینے بعد بھی ہر روز زبردستی کرنی پڑ رہی ہے، تو شاید یہ کام آپ کا نہیں ہے۔ یہ ماننے میں کوئی حرج نہیں۔
جو چیز واقعی کام کرتی ہے
چیز کو آسان بنا دیں۔ اگر کام شروع کرنے میں دس منٹ لگتے ہیں تو آپ اکثر شروع ہی نہیں کریں گے۔ لیپ ٹاپ کھلا چھوڑ دیں، فائل پہلے سے کھلی رکھیں۔
روز تھوڑا۔ ہفتے میں ایک دن چار گھنٹے سے بہتر ہے کہ روز چالیس منٹ۔ ہاتھ کی عادت روز سے بنتی ہے۔
ایک دن چھوٹ جائے تو ٹھیک ہے۔ اگلے دن واپس آ جائیں۔ لوگ ایک دن چھوٹنے پر پورا کام چھوڑ دیتے ہیں، جو عجیب بات ہے۔
کچھ بناتے رہیں۔ صرف ویڈیو دیکھنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ جو دیکھا ہے اسے بنا کر دیکھیں، تب پتا چلتا ہے کہ سمجھ آیا یا نہیں۔
دو سوال
میرے پاس نوکری ہے، وقت نہیں ملتا۔
روز ایک گھنٹہ نکال لیں۔ رات کا یا صبح کا، جب بھی آپ کا دماغ چلتا ہے۔ ایک گھنٹہ روز کا مطلب مہینے میں تیس گھنٹے ہیں۔ یہ کم نہیں ہے۔
میں شروع کر کے چھوڑ دیتا ہوں، بار بار۔
شاید آپ نے ہر بار بہت بڑا ہدف رکھا۔ اس بار ایک چھوٹی چیز لیں جو دو ہفتوں میں مکمل ہو جائے، اور اسے پورا کریں۔ ایک چیز مکمل کرنے سے جو اعتماد آتا ہے، وہ کسی موٹیویشنل ویڈیو سے نہیں آتا۔
آخری بات
پانچ بجے اٹھنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ کچھ ایسا کرنے سے ہوتا ہے جسے آپ چھ مہینے بعد بھی کر رہے ہوں۔
یہ ہے۔
ایک کورس لیں، ایک چیز بنائیں۔ باقی خود بخود چلنے لگتا ہے۔
کورسز دیکھیں